لاہور: پنجاب کے موسمیاتی پیشگوئی کے جدید نظام کے مطابق یکم اکتوبر کو فضائی معیار معتدل رہے گا اور عوام اپنی روزمرہ سرگرمیاں انجام دے سکیں گے۔ رپورٹ کے مطابق بدھ کے دن فضائی معیار کی سطح میں وقت کے ساتھ اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملے گا۔
ڈیٹا کے مطابق:
• مجموعی فضائی معیار (AQI) 170 رہنے کا امکان ہے۔
• دوپہر سے شام 5 بجے تک فضائی معیار 120 سے 145 کے درمیان رہے گا۔
• بدھ کی رات ساڑھے 11 بجے تک یہ سطح 140 سے 165 کے درمیان رہنے کی پیشگوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق ایئر کوالٹی انڈیکس رات اور صبح کے وقت درجہ حرارت کی تبدیلی کے باعث سب سے زیادہ ریکارڈ ہوتا ہے جبکہ دوپہر میں یہ نسبتاً کم ہوتا ہے۔ صبح 7 سے 9 بجے اور شام 5 سے رات 9 بجے کے درمیان ٹریفک کے رش کے باعث فضائی آلودگی میں اضافہ نوٹ کیا گیا۔
محکمہ ماحولیات نے شہریوں کے لیے معلوماتی خبرنامے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے، جس کے تحت روزانہ کی بنیاد پر فضائی معیار اور موسم کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔
ادھر پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کے لیے بڑا انتظامی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سینئیر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق، حکومت نے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پلان اے، بی اور سی تیار کر لیا ہے، جبکہ گزشتہ برس کی ایس او پیز پر بھی سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔
لاہور میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی پڑتال کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور ماحولیاتی تحفظ فورس پورے پنجاب میں متحرک کر دی گئی ہے۔ وزیر کے مطابق اب تک صورتحال قابو میں ہے تاہم شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔