لاہور: سموگ نگرانی و پیشگوئی نظام (Smog Monitoring & Forecasting System) نے آج کی تازہ فضائی کوالٹی رپورٹ (AQI Data) جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق بھارت سے آنے والی مشرقی ہواؤں اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) آج 190 سے 210 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق آج ہوا کی رفتار 24 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہنے کی پیشگوئی ہے۔ درجہ حرارت میں بتدریج تبدیلی کے باعث اے کیو آئی دن بھر گھٹتا بڑھتا رہے گا۔
حساس اور کمزور افراد کے لیے غیر تسلی بخش فضائی معیار
رپورٹ کے مطابق موجودہ فضائی معیار حساس، کمزور اور دیرینہ بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے غیر تسلی بخش ہے۔
ای پی اے کی جانب سے شہریوں، خصوصاً حساس گروہوں سے اپیل کی گئی ہے کہ:
“وہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں، غیر ضروری طور پر کھلی فضا میں سرگرمیوں سے گریز کریں، اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔”
ای پی اے کی شہریوں سے اپیل
ای پی اے پنجاب نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کار پولنگ کو اپنائیں، گاڑیوں کی بروقت ٹیسٹنگ کروائیں، اور زیادہ سموگ کے آنے سے قبل ہر قسم کے دھوئیں کے اخراج میں کمی کے لیے تعاون کریں۔
مریم اورنگزیب کا پیغام
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ:
“ہمیں ماحول دوست عادات اپنانی ہوں گی کیونکہ صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ای پی اے کے ساتھ تعاون ہی آلودگی پر قابو پانے کا واحد راستہ ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اور ای پی اے پنجاب سموگ پر قابو پانے کے لیے سائنس بیسڈ ڈیٹا مانیٹرنگ، فیلڈ انسپیکشنز اور عوامی آگاہی کے تمام اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔