لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں سموگ سے بچاؤ کے لیے اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ماحولیات، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور ماحولیاتی تحفظ فورس کے اشتراک سے لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں اینٹی سموگ آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سموگ مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق، اتوار کے روز لاہور کا اوسط فضائی معیار (AQI) 195 سے 210 کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ رات 12 سے صبح 4 بجے تک یہ سطح 210 سے 245 تک پہنچ سکتی ہے۔ صبح 6 سے 9 بجے کے دوران ’اے کیو آئی‘ 200 سے 240 کے درمیان رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دن کے اوقات میں معمولی بہتری متوقع ہے، دوپہر 12 سے شام 5 بجے تک فضائی معیار 150 اے کیو آئی تک بہتر ہو سکتا ہے، جبکہ شام 6 سے رات 11 بجے کے دوران دوبارہ اضافہ ہو کر 165 سے 200 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر کا درجہ حرارت 22 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا، جبکہ ہوا کی رفتار ایک سے نو کلومیٹر فی گھنٹہ تک متوقع ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت کم اور بارش نہ ہونے کے باعث آلودہ ذرات فضا میں طویل وقت تک معلق رہ سکتے ہیں۔
سموگ مانیٹرنگ سینٹر نے شہریوں کو گھروں میں رہنے، ماسک کے استعمال اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ موٹر سائیکل اور گاڑی استعمال کرنے والے شہریوں کو بھی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے تمام تعمیراتی مقامات اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ گردوغبار کو ڈھانپنے کے انتظامات کریں۔ واسا، ایل ڈی اے اور لوکل گورنمنٹ اداروں کو فجر کے بعد پانی کا چھڑکاؤ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ فضا میں موجود آلودگی کے ذرات کو کم کیا جا سکے۔
کسانوں اور شہریوں کو فصل کی باقیات اور کوڑا کرکٹ جلانے سے اجتناب کرنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ماحولیاتی قوانین پر عمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ:
“سموگ سب کو متاثر کرتی ہے، اس میں کمی کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آپ کا طرزِ عمل اور تعاون فضائی معیار کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔”