لاہور میں فضائی معیار میں نمایاں بہتری، وزیراعلیٰ مریم نواز کے ماحول دوست اقدامات کے مثبت اثرات

لاہور: وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے ماحول دوست اقدامات کے نتیجے میں لاہور کے فضائی معیار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ تجزیاتی موازنہ رپورٹ کے مطابق 2025 کے بعد 2026 میں شہر کی فضا میں مسلسل بہتری کا رجحان جاری رہا، حالانکہ اس دوران بالکل بارش نہ ہوئی اور موسم خشک رہا۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2025 سے 10 جنوری 2026 کے دوران لاہور کے مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں 58 پوائنٹس کی بہتری دیکھی گئی۔ سال 2025-26 کے 102 دنوں میں سے 60 دن فضائی معیار بہتر رہا، جو ماحولیاتی رجحان میں مثبت تبدیلی کا واضح ثبوت ہے۔ مجموعی طور پر فضائی معیار میں 20 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ نومبر 2025 میں AQI اوسطاً 261 رہا جبکہ نومبر 2024 میں یہ 453 تھا، یعنی 192 پوائنٹس کی نمایاں کمی واقع ہوئی، اور نومبر میں 23 دن بہتر ایئر کوالٹی کے رہے۔ دسمبر 2025 میں اوسط AQI 247 رہا، جبکہ 14 دن بہتر ایئر کوالٹی ریکارڈ کی گئی۔ نئے سال کے پہلے 10 دنوں میں جنوری 2026 میں اوسط AQI 192 رہا، گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 220 تھا، یوں 28 پوائنٹس کی بہتری اور 7 دن بہتر ایئر کوالٹی کے ریکارڈ ہوئے۔

تجزیاتی رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2025 میں اوسط AQI 205 رہا جو اکتوبر 2024 کے 213 کے مقابلے میں 8 پوائنٹس بہتر ہے، اور اس دوران 16 دن بہتر ایئر کوالٹی کے ریکارڈ ہوئے۔ مجموعی طور پر گزشتہ سال اکتوبر تا دسمبر لاہور میں AQI میں 68 پوائنٹس کی بہتری دیکھنے میں آئی، جو 22 فیصد کی مجموعی بہتری کے مترادف ہے۔

حکومتی اقدامات میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، غیر معیاری ایندھن اور صنعتی اخراج کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں شامل ہیں۔ ڈیٹا بیسڈ پالیسی، فیلڈ مانیٹرنگ اور جرمانوں کے نظام نے فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسموگ اسکواڈز کی تعیناتی اور جدید آلات کے استعمال سے آلودگی کے ہاٹ اسپاٹس پر بروقت ایکشن یقینی بنایا گیا۔

ماحولیاتی قوانین پر سخت عملدرآمد، ادارہ جاتی ہم آہنگی، ٹریفک کنٹرول اور انڈسٹری ریگولیشن کے نتیجے میں لاہور کی فضا پہلے سے زیادہ بہتر ہوئی۔ 2025 کے اسموگ سیزن میں خطرناک کیٹیگری کے دنوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی اولین ترجیح شہریوں کی صحت کا تحفظ ہے۔ صاف ہوا کی فراہمی کے لیے اصلاحات اور جدید مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جس سے شہری ماحول دوست اقدامات کے مثبت اثرات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

Related posts

پنجاب میں اسموگ پر قابو پانے کے اقدامات مؤثر، اے کیو آئی میں نمایاں بہتری

امریکا کی شمال مشرقی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں، ہزاروں پروازیں منسوخ

کراچی: شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ کم، 6 بین الاقوامی پروازیں متبادل ایئرپورٹس منتقل