پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں اتوار کی رات سے شدید بارش اور مزید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیشِ نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 25 سے 27 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک نیا اور طاقتور سلسلہ صوبے میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش کے ساتھ برفباری ہو سکتی ہے۔ بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر شدید برفباری اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ سمیت میدانی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ناران، کاغان، کالام اور چترال میں شدید برفباری کے باعث سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خطرہ ہے، جبکہ بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں، جو مسافروں اور مقامی آبادی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ برف ہٹانے والی مشینری، ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں اور ریسکیو اہلکاروں کو الرٹ رکھا جائے، جبکہ حساس علاقوں میں پیشگی نگرانی اور فوری ردعمل کو یقینی بنایا جائے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔