لاہور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے آئندہ دنوں میں صوبے بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے اور متعلقہ اداروں سمیت عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آنے والے دنوں میں صوبے کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے جس کے باعث گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ محسوس کیا جا سکتا ہے۔
ادارے کے مطابق بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے اثرات زراعت کے شعبے پر بھی پڑ سکتے ہیں اور شدید گرمی کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ موجود ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے شمالی علاقوں میں موسم قدرے مختلف رہنے کا امکان ہے جہاں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق 6 اور 7 مارچ کے دوران بالائی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے جبکہ 9 سے 11 مارچ کے دوران بھی شمالی علاقہ جات میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے سیاحوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ شمالی علاقہ جات کا سفر کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔
پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔