کراچی: محکمہ موسمیات نے جون کے مہینے کا موسمیاتی خلاصہ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 جون کے بعد ملک بھر میں مون سون کا آغاز ہوا، قومی سطح پر اوسطاً 24.30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو معمول سے 31 فیصد زیادہ رہی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جون میں قومی اوسط درجہ حرارت 32.45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، یہ ملک کے معمول کے درجہ حرارت 31.98 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ تھا جب کہ ملک کے معمول کے درجہ حرارت میں 0.47 ڈگری کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ دن کے وقت کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.09 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، یہ درجہ حرارت قومی اوسط کے قریب تھا اور اس میں معمول سے 0.24 ڈگری کا معمولی اضافہ نوٹ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ رات کے وقت کم سےکم درجہ حرارت 25.77 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، یہ ملک گیر اوسط 24.68 ڈگری سینٹی گریڈ سے 1.09 ڈگری زیادہ تھا۔
ملک میں سب سے گرم دن کس شہر میں تھا؟
محکمہ موسمیات کے مطابق گرم دن 13 جون کو جیکب آباد میں ریکارڈ کیا گیا، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 50.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جب کہ ملک کا سب سے گرم مقام سبی رہا، سبی میں ماہانہ اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔