نیویارک: امریکا کی شمال مشرقی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی زد میں آ گئی ہیں، جہاں سڑکوں پر کئی انچ برف کی تہہ جم گئی ہے اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک سٹی کے سینٹرل پارک میں 4.3 انچ برف ریکارڈ کی گئی، جو جنوری 2022 کے بعد سب سے زیادہ برفباری ہے۔ شدید برفباری کے باعث حدِ نگاہ کم ہو گئی جبکہ فضائی نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے۔
برفانی طوفان کے باعث 2100 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس سے ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے۔ موسمی حالات کے پیش نظر نیوجرسی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
نیشنل ویدر سروس نے نیویارک اسٹیٹ اور کنیکٹی کٹ میں برفانی طوفان اور موسمِ سرما کے طوفان کی وارننگ جاری کر دی ہے، جبکہ مزید برفباری اور تیز ہواؤں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
نیویارک کے گورنر نے بھی ریاست میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ نیوجرسی، کنیکٹی کٹ اور نیویارک کے شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق سڑکوں کی صفائی، بجلی کی بحالی اور ہنگامی خدمات کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔