بنگلورو: بھارت کی تامل اور کنڑ فلم و ٹی وی انڈسٹری کی اداکارہ نندنی سی ایم نے مبینہ طور پر والدین کی جانب سے مرضی کے خلاف شادی کے دباؤ پر دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نندنی نے بنگلورو میں اپنے گھر میں خودکشی کی، جبکہ انہوں نے مرنے سے قبل ایک تحریری نوٹ بھی چھوڑا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق نندنی نے اپنے والدین کے نام لکھے گئے نوٹ میں کہا کہ وہ شادی کے لیے شدید دباؤ کا شکار تھیں اور ذہنی طور پر اس کے لیے تیار نہیں تھیں۔ نوٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ مختلف مسائل کے باعث وہ ڈپریشن کا شکار تھیں اور جذباتی دباؤ برداشت نہیں کر پا رہی تھیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاحال نندنی کی موت کے حقیقی اسباب سے متعلق کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔ پولیس کے مطابق تحریری نوٹ کے مندرجات کو تفتیش کے عمل کا حصہ بنایا گیا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
اداکارہ نندنی حال ہی میں تامل سیریل ’گوری‘ میں نظر آئی تھیں، جس میں ان کے کردار کو زہر پیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس اتفاق کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں، تاہم حکام نے اس منظر کو نندنی کی موت کے حالات سے جوڑنے سے واضح طور پر انکار کیا ہے۔
نندنی کی اچانک موت پر شوبز انڈسٹری اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔