کراچی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز لیگ اسپنر مشتاق احمد کی صاحبزادی نوال کی حال ہی میں نہایت شاندار، پروقار اور خوشگوار شادی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کرکٹ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی اس خوبصورت تقریب میں دلہن نوال نے آئس بلیو اور سلور رنگ کا نفیس لہنگا زیب تن کیا، جس کے ساتھ دیدہ زیب دوپٹہ ان کے لباس کی خوبصورتی کو مزید نکھار رہا تھا، جبکہ دولہا ٹو پیس سوٹ میں ملبوس دکھائی دیے۔
تقریب میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کے علاوہ مشتاق احمد کے قریبی دوست احباب نے شرکت کی۔ شادی میں شریک نمایاں شخصیات میں مصباح الحق، معین خان، انضمام الحق اور دیگر معروف کرکٹرز شامل تھے، جنہوں نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مہمانوں نے اس خوشی کے موقع پر مشتاق احمد کو دلی مبارک باد پیش کی اور نئی زندگی کے آغاز پر دلہن اور دولہا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس مشتاق احمد نے اپنی بڑی صاحبزادی حبیبہ کی شادی بھی انجام دی تھی۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نہ صرف پاکستان کرکٹ کے لیے اپنی شاندار خدمات کے باعث پہچانے جاتے ہیں بلکہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بطور کوچ بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان دنوں وہ ٹیلی وژن پر بطور کرکٹ تجزیہ کار بھی اپنی رائے دیتے نظر آتے ہیں.