کراچی میں آتشزدگی کا شکار ہونے والے گل پلازہ کے اثرات اس سے متصل عمارت رمپا پلازہ تک پہنچ گئے ہیں، جہاں آگ کی شدت کے باعث عمارت کے ستون متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے رمپا پلازہ کو غیر محفوظ قرار دے دیا ہے۔
ایس بی سی اے حکام کے مطابق گل پلازہ میں لگنے والی تیسرے درجے کی شدید آتشزدگی کے نتیجے میں رمپا پلازہ کے کئی ستون بری طرح متاثر ہوئے، جس سے عمارت کی ساخت کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ ابتدائی معائنے میں عمارت کے کچھ حصوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رمپا پلازہ کی انتظامیہ اور دکان مالکان کو باضابطہ نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ عمارت کے خطرناک حصوں کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عمارت میں کسی بھی قسم کی سرگرمی کو محدود کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ رمپا پلازہ میں کسی بھی غیر اجازت شدہ سرگرمی یا قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ایس بی سی اے حکام نے عمارت کی مکمل تکنیکی جانچ اور مزید حفاظتی اقدامات کے لیے بھی ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ ہفتے کی شب گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 81 افراد لاپتا بتائے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق فی الحال 74 لاپتا افراد کی باضابطہ تصدیق ہو چکی ہے، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا برقرار ہے، جبکہ شہریوں اور دکان داروں کی جانب سے عمارتوں کی حفاظت، فائر سیفٹی اقدامات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔