کراچی میں ٹریفک انتظامات سے متعلق بڑی انتظامی تبدیلی کرتے ہوئے سندھ پولیس نے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ ان کی جگہ مظہر نواز شیخ کو ڈی آئی جی ٹریفک کراچی تعینات کر دیا گیا ہے۔
سندھ پولیس کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس تقرری کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حالیہ گل پلازہ سانحے کے بعد سامنے آنے والی انتظامی کوتاہیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد متاثرہ عمارت اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کو مؤثر انداز میں کنٹرول نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث شدید ٹریفک جام پیدا ہوا۔ ٹریفک کی بدترین صورتحال نے ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی آمد و رفت میں بھی رکاوٹیں پیدا کیں، جس سے امدادی کارروائیاں متاثر ہوئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک مینجمنٹ میں ناکامی پر اعلیٰ حکام نے سخت نوٹس لیا اور اسی بنیاد پر ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل گل پلازہ میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے میں 79 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جس کے بعد مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
نئے تعینات ڈی آئی جی ٹریفک مظہر نواز شیخ کو شہر میں ٹریفک نظام کی بہتری اور ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر رسپانس کو یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔