اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں اضافہ کر دیا ہے، تاہم آئندہ ایک ہفتے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 6 روپے 57 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی بڑھ کر 79 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح پیٹرول پر لیوی میں 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پر عائد لیوی 66 روپے 64 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل پر عائد پیٹرولیم لیوی میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا اور اسے 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے آئندہ ایک ہفتے کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی میں اضافے کا مقصد حکومتی محصولات میں اضافہ کرنا ہے، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور مالی ضروریات کے پیش نظر حکومت نے صارفین پر فوری طور پر قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے لیوی میں رد و بدل کیا ہے۔