پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر، مختلف شہروں میں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا
بین الاقوامی سب میرین کیبل SMW5 میں خرابی، پی ٹی اے نے صورتحال کی نگرانی اور جلد بحالی کی یقین دہانی کرا دی
اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس کی سست رفتاری اور بار بار کنیکٹیویٹی متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث صارفین کو آن لائن تعلیم، کاروبار، بینکنگ، فری لانسنگ اور سوشل میڈیا کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انٹرنیٹ کنکٹیویٹی کی نگرانی کرنے والے ادارے ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔ صارفین نے بتایا کہ ویب سائٹس لوڈ ہونے میں غیر معمولی تاخیر، ویڈیو اسٹریمنگ میں رکاوٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی میں مسائل پیش آ رہے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی ہزاروں صارفین نے انٹرنیٹ کی سست رفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ SEA-ME-WE 5 (SMW5) بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں بعض صارفین کو وقتاً فوقتاً انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق ادارہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور متعلقہ قومی و بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ خرابی کو جلد از جلد دور کر کے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کی جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کا بڑا حصہ سب میرین کیبلز کے ذریعے منتقل ہوتا ہے، اس لیے ایسی تکنیکی خرابی کی صورت میں ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہونا معمول کی بات ہے۔ توقع ہے کہ مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد انٹرنیٹ سروس معمول پر آ جائے گی۔