سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف جنگ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ادارے ہی مؤثر نتائج دے سکتے ہیں
قصور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے قصور میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (CNF) کے نئے اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، سیکرٹری ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول مسعود مختیار، ڈائریکٹر جنرل پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بریگیڈیئر مظہر اقبال سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی کو پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی تنظیمی ساخت، قانونی اختیارات، جاری آپریشنز، جدید آلات، تربیتی نظام اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ فورس کی گزشتہ گیارہ ماہ کی آپریشنل کارکردگی پر مشتمل جامع رپورٹ بھی جلد پیش کی جائے گی، جس میں مختلف اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں اور حاصل ہونے والے نتائج کو شامل کیا گیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا قیام وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک اہم، بروقت اور دوراندیش اقدام ہے، جس کا بنیادی مقصد صوبے سے منشیات کے ناسور کا مؤثر خاتمہ اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ والدین، اساتذہ، سماجی تنظیموں اور عوام کو بھی اس قومی مقصد کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید آلات اور آپریشنل استعداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فورس بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس پولیس، اینٹی نارکوٹکس فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے صوبے بھر میں منشیات فروش عناصر کے خلاف مؤثر اور نتیجہ خیز کارروائیاں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کی نوعیت وقت کے ساتھ تبدیل ہو رہی ہے، اس لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی جدید ٹیکنالوجی، بہتر تربیت اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے خود کو نئے چیلنجز سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون، وسائل اور سرپرستی فراہم کی جائے گی۔