لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب کی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبے ہضم نہیں ہو رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا گیا ہے اور ترقی کا سفر صوبے کے ہر ضلع تک پہنچ چکا ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جا رہا ہے، جبکہ یہی بات پیپلز پارٹی کو ناگوار گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت کو صرف دو سال ہوئے ہیں، لیکن اس مختصر عرصے میں وسائل اٹک سے رحیم یار خان اور راولپنڈی سے وہاڑی تک یکساں انداز میں پہنچائے گئے ہیں اور ہر ضلع میں بلاامتیاز ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کی ترقی اور خوشحالی سے جلنے والے جلتے رہیں گے، تاہم عوامی خدمت کا سفر کسی صورت نہیں رکے گا۔ انہوں نے کہا کہ “لاڑکانہ کے نوابوں کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی”، جبکہ پنجاب کے عوام اپنی حمایت سے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی پنجاب میں چوتھے نمبر کی جماعت بن چکی ہے تو اس کی ذمہ دار مسلم لیگ (ن) نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کی اپنی سیاسی کارکردگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں اور پنجاب کے عوام نے بھی یہی فیصلہ دیا ہے۔
انہوں نے مرتضیٰ وہاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ لاہور میں سیکھنے آئے تو پنجاب حکومت نے ہر ممکن تعاون کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی خواہش ہے کہ سندھ کے عوام بھی بہتر طرز حکمرانی اور ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں، اس لیے انہیں نفرت اور تقسیم کی سیاست سے گریز کرتے ہوئے اپنے منصب کا خیال رکھنا چاہیے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سندھ میں ترجمانوں کی ایک پوری فوج صرف پنجاب پر تنقید کرنے میں مصروف دکھائی دیتی ہے، لیکن سندھ حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے پیش نہیں کی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سندھ حکومت کی کارکردگی واقعی مثالی ہوتی تو سندھ کے عوام بھی مریم نواز شریف جیسی قیادت کی خواہش کا اظہار نہ کرتے۔
عظمیٰ بخاری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت عوامی خدمت، شفاف حکمرانی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور یکساں ترقی کے ایجنڈے پر اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھے گی۔