لاہور: طلبہ کے ہاسٹلز کو محفوظ بنانے اور ان کے مناسب و قانونی استعمال کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ صحت نے صوبے بھر کے متعلقہ تعلیمی و طبی اداروں کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے وائس چانسلرز، پرنسپلز، ڈینز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں انتظامیہ کو ہاسٹلز میں رہائش پذیر تمام افراد کی فوری تصدیق کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں محکمہ صحت کی اسپیشل برانچ سے بھی تمام ہاسٹلز میں رہائش پذیر افراد کی تصدیق کروانے کی درخواست کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق مجاز اتھارٹی نے واضح ہدایت کی ہے کہ طلبہ کے ہاسٹلز اور دیگر رہائشی سہولیات کا استعمال صرف ان طلبہ اور عملے تک محدود رکھا جائے جنہیں ان سہولیات کی باقاعدہ، مناسب اور قانونی الاٹمنٹ حاصل ہے۔
مراسلے میں تمام اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہاسٹلز میں رہائش پذیر ہر فرد کی فوری طور پر تصدیق کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی غیر مجاز شخص ہاسٹل یا کسی دیگر رہائشی سہولت میں نہ رہ رہا ہو اور نہ ہی اسے استعمال کر رہا ہو۔
محکمہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونا انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ خلاف ورزی کی صورت میں تمام متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں ہاسٹل کی نگرانی اور انتظامی امور کے ذمہ دار افراد بھی شامل ہوں گے۔
محکمہ صحت نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات پر عملدرآمد کی تعمیلی رپورٹ 24 اگست 2026 بروز پیر تک لازماً جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
مراسلے میں اس معاملے کو ’’انتہائی ہنگامی‘‘ (MOST URGENT) قرار دیتے ہوئے فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔