اسلام آباد: پمز اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت کے دلخراش سانحے سے متعلق اسپتال انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں بچوں کی موت کی وجہ آکسیجن کی سپلائی متاثر ہونے، دھویں کے سانس کے ذریعے اندر جانے اور جھلسنے کو قرار دیا گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کی جانب سے تیار کردہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق پمز کے نوزائیدہ بچوں کے انتہائی نگہداشت کے شعبے (این آئی سی یو) میں انکیوبیٹر کے ساتھ آکسیجن کی مقدار ظاہر کرنے والا نیبولائزر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں آکسیجن نے آگ پکڑ لی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر آگ کی شدت کم تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد اس نے تیزی سے پھیلنا شروع کردیا۔ آگ کے نتیجے میں بڑی مقدار میں دھواں پیدا ہوا جو پائپ کے ذریعے نومولود بچوں کے سانس کے نظام میں داخل ہوا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق آکسیجن کی سپلائی متاثر ہونے اور دھویں کے باعث بچوں کو سانس لینے میں شدید مشکلات پیش آئیں، جبکہ آگ کی شدت سے متعدد بچے جھلس بھی گئے۔ رپورٹ میں بچوں کی ہلاکت کی بنیادی وجوہات میں آکسیجن بند ہونا اور جھلسنا شامل کیا گیا ہے۔
16 نومولود نرسری میں موجود تھے
اسپتال حکام کے مطابق حادثے کے وقت نرسری میں مجموعی طور پر 16 نومولود بچے موجود تھے۔ آگ لگنے کے بعد صرف ایک بچے کو محفوظ نکالا جاسکا، جبکہ 15 نومولود جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے بعد اسپتال کے متعلقہ حصے میں امدادی کارروائیاں کی گئیں اور آگ پر قابو پالیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کا ابتدائی وقت صبح 6 بج کر 45 منٹ بتایا گیا ہے۔
آگ لگنے کی وجہ سے متعلق مختلف مؤقف
واقعے کے فوری بعد ریسکیو ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ آگ مبینہ طور پر ایئرکنڈیشن کے کمپریسر پھٹنے کے باعث لگی، تاہم اسپتال انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ میں آگ لگنے کا مختلف سبب سامنے آیا ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق این آئی سی یو میں انکیوبیٹر کے ساتھ موجود آکسیجن سے متعلق آلہ پھٹنے کے بعد آکسیجن نے آگ پکڑی، جس کے بعد آگ اور دھواں تیزی سے پھیل گیا۔
آگ لگنے کی حتمی وجہ اور واقعے میں ممکنہ غفلت کا تعین مزید تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔
سانحے کے بعد حفاظتی انتظامات پر سوالات
نومولود بچوں کی ہلاکت کے بعد پمز اسپتال کے فائر سیفٹی اور ہنگامی انتظامات بھی زیر بحث ہیں۔ ریسکیو ذرائع کی جانب سے اسپتال کے فائر سیفٹی انتظامات میں مبینہ خامیوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے انتظامیہ کی جانب سے انکوائری کا عمل جاری ہے، جس میں آتشزدگی کی وجہ، آگ کے تیزی سے پھیلنے، آکسیجن سپلائی کے نظام، فائر سیفٹی انتظامات اور ہنگامی ردعمل کا جائزہ لیا جائے گا۔
ابتدائی رپورٹ نے سانحے میں نومولود بچوں کی موت کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کردی ہیں، تاہم حتمی ذمہ داری اور غفلت کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔
پمز سانحہ: بچوں کی موت آکسیجن بند ہونے اور جھلسنے سے ہوئی، ابتدائی رپورٹ
1