اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن نے خطے کے مسلمان ممالک میں تقسیم پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم مسلمانوں میں تفریق پیدا کرنے کی یہ سازش فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ناکام بنا دی گئی۔
قومی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا عظیم اجتماع اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہم ایک ملت ہیں۔ دشمن عناصر نے مسلم ممالک کے درمیان نفرت اور تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، تاہم امن دشمن قوتیں اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران پوری قوم متحد تھی اور قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان تاریخی مکہ دفاعی معاہدہ ہوا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ملک نے اہم چیلنجز کا مقابلہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ترکیے پاکستان کے ایسے دیرینہ ساتھی ہیں جنہوں نے اچھے اور برے ہر وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام، اخوت اور مشترکہ مفادات پر قائم ہیں۔ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔
قومی سیرت کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے علما کرام کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سیرت کانفرنس کی پاکیزہ روایت کو زندہ رکھنے پر علما قابل تحسین ہیں۔ ایسی محافل نئی نسل کو رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نئی نسل پوری قوم کی امیدوں کا مرکز ہے۔ ہمیں اپنی نوجوان نسل کی ایسی تربیت کرنی ہوگی کہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جیسی نسل تیار کریں گے، ویسا ہی ہمارا مستقبل ہوگا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
مسلم ممالک میں تقسیم کی دشمن کی سازش فیلڈ مارشل کی قیادت میں ناکام بنائی گئی: وزیراعظم
1