100 تھرمل ڈرونز فورس کی آنکھیں اور کان بنیں گے، آپریشن مزید مؤثر اور محفوظ ہوگا
پنجاب پولیس نے دہشت گردوں اور کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشنز میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کرا دی۔ پولیس نے 100 تھرمل ڈرونز حاصل کرلیے ہیں جو دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی، راستوں کی مانیٹرنگ اور فورس کی سکیورٹی کے لیے استعمال ہوں گے۔
پولیس حکام کے مطابق حالیہ مہینوں میں گھات لگا کر پولیس پر حملوں کے واقعات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ ریسپانس اور آپریشن ٹیموں کو جدید آلات سے لیس کیا جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی آپریشن پر روانگی سے قبل تھرمل ڈرونز کے ذریعے روٹ کی نگرانی کی جائے گی، جس کے بعد ہی پولیس قافلے آگے بڑھیں گے۔
دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی
تھرمل ڈرونز کی مدد سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے چھپنے کی جگہوں کا سراغ لگایا جائے گا اور پھر ان پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے رات کے اندھیرے اور دشوار گزار علاقوں میں بھی دشمن کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا سکے گی۔
کچے اور حساس علاقوں میں تعیناتی
پولیس حکام کے مطابق یہ ڈرونز خاص طور پر کچے کے علاقے، بارڈر چیک پوسٹس اور دیگر حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے تاکہ وہاں جاری آپریشنز زیادہ منظم اور مؤثر بن سکیں۔
ماہرین کے مطابق پولیس کے آپریشنز میں تھرمل ڈرونز کی شمولیت نہ صرف فورس کی جانوں کا تحفظ کرے گی بلکہ دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیوں میں کامیابی کے امکانات بھی بڑھا دے گی