لاہور/قصور: کرپشن کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب کا کریک ڈاؤن جاری ہے، لاہور اور قصور میں کارروائیوں کے دوران پولیس کے سب انسپکٹر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو شہریوں سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق کارروائیاں ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کی خصوصی ہدایت پر کرپٹ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں کی گئیں۔
اینٹی کرپشن لاہور کی ٹیم نے خفیہ اطلاع اور شکایت کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن لوئر مال لاہور کے سب انسپکٹر محمد آصف کو شہری سے رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کیا۔
حکام کے مطابق سب انسپکٹر محمد آصف نے مسمات نسرین بی بی سے انویسٹی گیشن میں مدد فراہم کرنے کے عوض رشوت طلب کی تھی۔ شکایت موصول ہونے پر اینٹی کرپشن نے کارروائی کا منصوبہ بنایا اور مجسٹریٹ کی موجودگی میں ٹریپ ریڈ کیا۔
اینٹی کرپشن ٹیم نے کارروائی کے دوران سب انسپکٹر محمد آصف کو رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے موقع پر ہی قابو کرلیا۔ ملزم سے نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کرلیے گئے۔
دوسری جانب اینٹی کرپشن قصور نے بھی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ الہ آباد کے اے ایس آئی فاروق کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق قصور میں بھی کارروائی مجسٹریٹ کے ہمراہ کی گئی، جہاں ٹریپ ریڈ کے دوران اے ایس آئی فاروق سے رشوت کی رقم برآمد کی گئی۔
دونوں کارروائیوں میں گرفتار پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں سے رشوت طلب کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کوئی سرکاری اہلکار رشوت طلب کرے تو متعلقہ ادارے کو اطلاع دیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے لاہور اور قصور میں ایک ہی روز پولیس اہلکاروں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کو کرپٹ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
کرپشن کے خلاف اینٹی کرپشن کا میگا آپریشن، سب انسپکٹر اور اے ایس آئی رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار
1