کراچی کا تاجر صادق آباد جاتے ہوئے اغوا، 2 کروڑ ، 2 مہنگی گھڑیوں سمیت 2 موبائل فون کا مطالبہ

کراچی: قائدآباد سے صادق  آباد جانے والے  اسکریپ کے تاجر کو  اغوا کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق قائد آباد کے  رہائشی اسکریپ کے تاجر معین الدین کو  صادق آباد جاتے ہوئے اغوا  کیا گیا،  واقعہ کا مقدمہ مغوی تاجر کے بیٹے غیاث الدین کی مدعیت میں قائد آباد تھانے میں درج کردیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ اغواکاروں نے مغوی تاجر کی برہنہ تشدد زدہ ویڈیو بھی اہلخانہ کو بھیجی ہے۔

مقدمہ کے متن میں مدعی نے پولیس کو بتایا کہ میرے والد فیکٹریوں،  سرکاری اداروں اور مارکیٹوں سے اسکریپ خریدتے ہیں، اغوا سے قبل  والد نے بتایا تھا کہ  وہ پنجاب صادق آباد میں اسکریپ خریدنے جارہے ہیں جس کیلئے  چھوٹا بھائی ذیشان والد کو 21جون کو لانڈھی ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کیلئے  چھوڑ کر آیا تھا۔

مدعی کے مطابق اگلے دن تک  والد کا فون نہیں آیا اور ان کا نمبر بھی بند جارہا تھا، 23 جون کو  چھوٹے بھائی کے نمبر پر والد صاحب کے نمبر سے وائس میسج آیا،میسج میں میرے  والد کی رہائی کیلئے  اغواکاروں نے تاوان کا مطالبہ کیا۔

مدعی نے پولیس کو مزید بتایا کہ اغواکاروں نے والد کی رہائی کیلئے 2کروڑ، 2 راڈو گھڑیاں اور  2 آئی فون کا مطالبہ کیا ہے جب کہ اغواکاروں نے والد کی تشدد زدہ ویڈیو بھی بھیجی ہیں۔

Related posts

15 سال قبل کراچی سے چھینی گئی پرتعیش پراڈو گاڑی اسلام آباد سے برآمد

لاہور: سابق پولیس اہلکار نوسربازوں کے گینگ کا سرغنہ نکلا

امیر بالاج قتل کیس کی تفتیش جے آئی ٹی سے لے کر کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے حوالے