تیار گوشت پر پابندی کی خبر بے بنیاد، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی وضاحت

لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تیار یا پہلے سے ذبح شدہ مرغی کے گوشت پر پابندی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق، پہلے سے ذبح شدہ مرغی کے گوشت پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن یا ہدایت جاری کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی تمام ایسی پوسٹس اور خبریں افواہیں ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صارفین اور گوشت فروخت کرنے والوں کے لیے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں، جنہیں میٹ شاپس پر آویزاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ گوشت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

مزید کہا گیا کہ شہری صحت بخش اور تازہ گوشت کی خریداری کے لیے ترجیحاً مرغی کو اپنے سامنے ذبح کروائیں، تاہم پہلے سے ذبح شدہ گوشت پر کوئی پابندی نہیں۔

ترجمان کے مطابق، شہری صرف آفیشل ذرائع سے جاری معلومات پر اعتماد کریں اور غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بنیادی مقصد معیاری، حلال اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی فارم سے صارف تک معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، جبکہ شہری خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت یا تجویز کے لیے ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

شہری مزید معلومات کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی آفیشل ویب سائٹ یا فیس بک پیج سے مستند معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

Related posts

پنجاب حکومت کا سموگ کے خلاف گرینڈ آپریشن، لاہور کا اے کیو آئی کنٹرول میں: مریم اورنگزیب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت واسا لاہور سموگ کے تدارک کے لیے سرگرم، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا شہر بھر میں دورہ

خواجہ سعد رفیق اور سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کا سی بی ڈی اور والٹن کا دورہ، ترقیاتی کاموں کے معیار پر اطمینان کا اظہار