لاہور: چینی قونصل جنرل لاہور ژاؤ شیرین نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، چینی باشندوں کے تحفظ، اور جاری ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے اس موقع پر کہا کہ چین پاکستان میں بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام کر رہا ہے اور چینی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کے قیام کیلئے محکمہ داخلہ کا کردار قابلِ تعریف ہے۔
ملاقات کے دوران چینی قونصل جنرل نے بلٹ پروف کار محکمہ داخلہ پنجاب کے حوالے کی، جو چینی سرمایہ کاروں اور انجینئرز کی محفوظ نقل و حرکت کیلئے استعمال ہوگی۔ اس حوالے سے چینی قونصل جنرل اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نے باقاعدہ معاہدے پر دستخط بھی کیے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے افسران، ماہرین اور سیاحوں کی حفاظت حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے فیڈمک کو ایک بلٹ پروف وین بھی فراہم کی ہے تاکہ صنعتی زونز میں کام کرنے والے غیر ملکی ماہرین کو محفوظ سفری سہولیات دی جا سکیں۔
سیکرٹری داخلہ نے مزید کہا کہ تمام انڈسٹریل زونز میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ (SPU) کی استعداد مزید بڑھائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے چین کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں اور حکومتی نمائندگان کیلئے محکمہ داخلہ کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔
چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے اس موقع پر پریزن ریفارمز پروگرام کے تحت قیدیوں کی تیار کردہ مصنوعات میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔
ملاقات میں چین کے ڈپٹی قونصل جنرل، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری فارن نیشنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔