لاہور: پاکستان کے لیجنڈری گلوکار راحت فتح علی خان کی بیٹی ماہین خان نے اپنی شادی کی تقریبات میں پہنے گئے لباس پر ہونے والی تنقید کا سخت جواب دے دیا ہے۔
ماہین خان کی حال ہی میں مایوں اور نکاح کی تقریبات منعقد ہوئیں، جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ ان تقریبات میں ماہین خان نے بھارتی ڈیزائنر کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا، جس پر بعض سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
تنقید کے جواب میں ماہین خان نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ خدا کا واسطہ ہے لوگوں کی زندگیوں میں مداخلت کرنا بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی، چائنیز یا افغانستانی کسی بھی ڈیزائنر کا لباس پہنیں، یہ ان کی ذاتی پسند اور ان کی شادی ہے، اس پر کسی اور کو اعتراض کرنے کا حق نہیں۔
ماہین خان کا کہنا تھا کہ لوگ بلاوجہ دوسروں کی ذاتی زندگیوں پر رائے دینے لگتے ہیں، حالانکہ انہیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔
ان کے اس ردعمل کے بعد سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا ہے۔ کچھ صارفین نے ماہین خان کی حمایت کرتے ہوئے اسے ان کی ذاتی آزادی قرار دیا، جبکہ بعض صارفین نے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کا لباس مقامی ثقافت کی نمائندگی نہیں کرتا۔