ممبئی: بالی وڈ فلم ’دھریندر‘ کے ڈائریکٹر اور معروف کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑا نے انکشاف کیا ہے کہ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار اکشے کھنہ نے ابتدا میں اس فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مکیش چھابڑا نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران فلم سے جڑی دلچسپ تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے پہلی بار اکشے کھنہ کو فلم کی پیشکش کے لیے فون کیا تو اداکار کا ردعمل خاصا حیران کن تھا اور وہ فوری طور پر اس فلم کے لیے آمادہ نہیں ہوئے۔
مکیش چھابڑا کے مطابق فلم کی آفر سننے کے بعد اکشے کھنہ کا پہلا جملہ تھا، “تم پاگل ہوگئے ہو کیا؟”۔ ڈائریکٹر نے بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے اکشے کھنہ کے ساتھ بیٹھ کر تفصیلی گفتگو کی، کردار کی نوعیت اور کہانی کے پس منظر پر بات کی، جس کے بعد اداکار فلم میں کام کرنے پر راضی ہو گئے۔
واضح رہے کہ فلم ’دھریندر‘ پاکستان کے علاقے لیاری میں سرگرم گینگ وار کے پس منظر پر بنائی گئی ہے، جس میں اکشے کھنہ نے بدنام زمانہ کردار رحمان ڈکیت کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں ان کی اداکاری کو ناظرین اور ناقدین کی جانب سے خاصی پذیرائی بھی ملی۔
مکیش چھابڑا کا کہنا تھا کہ بعض اوقات مشکل اور غیر روایتی کردار اداکاروں کو ہچکچاہٹ میں مبتلا کر دیتے ہیں، لیکن یہی کردار بعد میں ان کے کیریئر کے یادگار موڑ ثابت ہوتے ہیں۔