پیوٹن کی جانب سے برطرف کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد ہی روسی وزیر نے خودکشی کرلی

ماسکو: روس کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ رومان استاروویت نے اپنی برطرفی کے چند گھنٹوں بعد خودکشی کرلی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق روسی تحقیقاتی کمیٹی نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ استاروویت جمعرات کے روز ماسکو ریجن میں مردہ حالت میں پائے گئے، ان کی گاڑی سے ان کی لاش برآمد ہوئی جس پر گولی لگنے کا زخم موجود تھا۔

کمیٹی کی ترجمان نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ موت کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے، تاہم امکان یہی ہے کہ استاروویت نے خودکشی کی۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند گھنٹے قبل ہی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے استاروویت کو وزیر ٹرانسپورٹ کے عہدے سے برطرف کیا تھا۔ 

استاروویت کو مئی 2024 میں روس کا وزیر ٹرانسپورٹ تعینات کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ ستمبر 2019 سے روس کے سرحدی علاقے کرسک کے گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

روس کے سرکاری میڈیا نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ اس خودکشی کا تعلق کرسک میں ہونے والی بدعنوانی اور وہاں دفاعی انتظامات کے لیے ملنے والےفنڈز کے غبن پر ممکنہ مقدمے سے بھی ہوسکتا ہے۔

Related posts

آبنائے ہرمز میں جہاز رانی بحال کرنے کا مطالبہ، فرانسیسی صدر میکرون کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ

آبنائے ہرمز کے معاملے پر صدر ٹرمپ کی نیٹو کو سخت وارننگ، اتحادیوں سے بحری مدد کا مطالبہ

اماراتی صدر محمد بن زاید اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں کشیدگی فوری ختم کرنے پر زور