بنگلورو: بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلورو میں ایک نجی بینک کی وائی فائی آئی ڈی “Pakistan Zindabad” کے نام سے تبدیل ہونے کے بعد شدید ہنگامہ آرائی اور بھگدڑ مچ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ دو روز قبل پیش آیا، جب گووردھن سنگھ نامی شہری نے بینک میں وائی فائی نیٹ ورک پر “Pakistan Zindabad” کا نام دیکھ کر پولیس میں شکایت درج کروائی۔
رپورٹس کے مطابق شکایت درج کروانے والا شہری سخت گیر ہندو تنظیم وشوا ہندو پریشد (VHP) کے یوتھ ونگ بجرنگ دل سے تعلق رکھتا ہے۔
بجرنگ دل کے کارکنوں نے الزام لگایا کہ علاقے میں ملک دشمن عناصر سرگرم ہیں اور سیکیورٹی اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وائی فائی سسٹم میں مرمت کے لیے ایک مقامی ٹیکنیشن کو بلایا گیا تھا، جس کے بعد نیٹ ورک کا نام تبدیل ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق یہ جان بوجھ کر کیا گیا عمل نہیں تھا بلکہ ممکنہ طور پر ٹیکنیکل خرابی یا غیر ذمہ دارانہ حرکت ہو سکتی ہے۔
پولیس کے مطابق جب تفتیشی ٹیم نے ٹیکنیشن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو وہ بینک سے جا چکا تھا اور اس کا موبائل فون نمبر بھی بند جا رہا ہے۔
پولیس نے شہری کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے ٹیکنیشن کی تلاش شروع کر دی ہے، تاہم ابھی تک ملزم کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے اور ابتدائی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔