لندن: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کے حملے کا بھرپور اور موثر جواب دیا، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مزید مضبوط ہوا ہے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو جواب دینے کا کریڈٹ پاکستان کی مسلح افواج اور ان کی اعلیٰ قیادت کو جاتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ “بھارت کو شکست دینے کے بعد دنیا اب پاکستان کو نئے رویے کے ساتھ دیکھ رہی ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے زبردست لیڈرشپ فراہم کی اور اب پوری دنیا پاکستان کی بات سن رہی ہے۔”
پنجاب کی کارکردگی پر گفتگو
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہیں عوام کی طرف سے ملا محبت اور اعتماد ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
ان کے مطابق:
“میں نے شہباز شریف کا ریکارڈ نہیں توڑا بلکہ میں ان کی ایکسٹینشن ہوں۔ پنجاب کے ترقیاتی کام اب عالمی سطح پر پیش کیے جا رہے ہیں۔”
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ ڈیڑھ برس میں گورننس اور سیکیورٹی کے شعبوں میں اہم بہتری آئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں جرائم کی شرح کم ہوئی ہے اور خواتین پہلے کے مقابلے میں زیادہ محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔
خواتین کے کردار پر زور
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی 51 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، اور ان کی شمولیت کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
ہتک عزت قوانین کے حوالے سے بیان
ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں ہتک عزت سے متعلق قانون سازی ہو چکی ہے اور اب کسی کی عزت اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
“اب کسی کی پگڑی نہیں اچھلے گی، قانون اس کی اجازت نہیں دیتا”