استنبول مذاکرات میں ڈیڈلاک، پاکستان نے افغانستان سے دہشت گردی کی روک تھام کی ذمہ داری یاد دلادی

استنبول: پاکستان اور افغانستان کے درمیان استنبول میں جاری مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہو گئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کی روک تھام کی ذمہ داری افغانستان پر عائد ہوتی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان دوحہ امن معاہدے کے تحت اپنے بین الاقوامی، علاقائی اور دوطرفہ وعدوں کو پورا کرنے میں اب تک ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغان عوام کے لیے خیرسگالی کے جذبات رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم پاکستان ایسے کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کرے گا جو افغان عوام یا پڑوسی ملکوں کے مفاد کے خلاف ہو۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے عوام اور ریاستی خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔ انہوں نے مذاکرات میں ثالثی پر ترکیے اور قطر کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور طالبان حکومت کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور شروع ہوا تھا جس میں دہشت گردی کی روک تھام کے لیے مشترکہ مانیٹرنگ میکنزم کے قواعد و ضوابط پر بات چیت کی گئی، تاہم فریقین کسی نتیجے تک نہ پہنچ سکے۔

Related posts

بارش نہ ہوئی تو تہران خالی کرانا پڑ سکتا ہے، ایران کے صدر کا انتباہ

سعودی پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ جلد لانچ کرے گا ’’سیلف ڈیپورٹیشن پلیٹ فارم‘‘؛ سمارٹ ٹریک اور کیمروں سے روانگی کے عمل کو آسان بنایا جائے گا

سعودی عرب میں پیٹرول بھرواتے وقت گاڑی کا انجن بند کرنا لازمی قرار، خلاف ورزی پر پیٹرول فراہم نہیں کیا جائے گا