یورپی یونین کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 30 لاکھ یورو کی اضافی ہنگامی امداد کا اعلان

یورپی یونین نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہونے والی کمیونٹیز کی فوری بحالی کے لیے 30 لاکھ یورو کی اضافی ہنگامی امداد کا اعلان کردیا۔ یہ امداد خاص طور پر پنجاب کے اُن علاقوں میں خرچ کی جائے گی جو اس سال مون سون کے دوران بدترین سیلابی صورتحال کا شکار رہے۔

یورپی یونین کے مطابق امداد نقد معاونت کی صورت میں فراہم کی جائے گی تاکہ متاثرہ افراد کی بنیادی ضروریات — جیسے خوراک، پناہ گاہ، صحت اور دیگر فوری ضروریات — جلد از جلد پوری کی جاسکیں۔

اس سے قبل یورپی یونین نے ستمبر میں بھی 10 لاکھ 50 ہزار یورو کی امداد فراہم کی تھی، جو صحت، صاف پانی، صفائی اور دیگر ضروری سہولیات پر خرچ کی گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں تقریباً 70 لاکھ افراد متاثر ہوئے، جبکہ 29 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔ آفات میں ایک ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئیں، اور دو لاکھ سے زائد گھروں کے ساتھ وسیع زرعی علاقے اور فصلیں تباہ ہوئیں۔

یورپی یونین حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال مون سون پاکستان کے لیے انتہائی تباہ کن ثابت ہوا، صرف پنجاب میں گزشتہ 40 برسوں کی بدترین صورت حال ریکارڈ کی گئی، جہاں لوگوں کے گھر، سامان، مویشی اور کھڑی فصلیں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں۔

حکام کے مطابق یہ امداد یورپی یونین کی عالمی یکجہتی کا اظہار ہے اور متاثرہ خاندانوں کی فوری بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

تازہ امداد کے بعد رواں سال پاکستان کے لیے یورپی یونین کی مجموعی امداد ایک کروڑ 45 لاکھ یورو سے تجاوز کر گئی ہے.

Related posts

اسرائیلی صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی نیتن یاہو کو معافی دینے کی درخواست مسترد کردی

مسجد نبوی ﷺ میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت اور ریاض الجنہ کے نئے اوقات کا اعلان

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں؛ اقوامِ متحدہ کے ماہرین کا بھارت کو سخت انتباہ