ہانگ کانگ کے رہائشی کمپلیکس میں خوفناک آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 151 تک پہنچ گئی

ہانگ کانگ کے کثیر المنزلہ رہائشی کمپلیکس میں گزشتہ ہفتے لگنے والی تباہ کن آگ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 151 ہوگئی۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق حادثے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے جبکہ 40 سے زائد افراد اب بھی لاپتا ہیں، جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ عمارت میں ناقص اور غیر معیاری تعمیراتی مواد کے استعمال نے آگ کو تیزی سے پھیلنے میں اہم کردار ادا کیا۔ بیرونی کھڑکیوں پر نصب پولیسٹرین شیٹس اور حفاظتی جال نے شعلوں کو مزید بڑھا دیا، جس کے باعث پوری عمارت چند ہی لمحوں میں لپیٹ میں آگئی۔

رپورٹس کے مطابق آتشزدگی سے قبل عمارت میں مرمت اور تزئین و آرائش کا کام جاری تھا، اور اسی سلسلے میں انسدادِ بدعنوانی کمیشن نے تعمیراتی کمپنی کے ڈائریکٹرز، انجینئر سمیت 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید قانونی کارروائی شواہد کی بنیاد پر کی جائے گی۔

پولیس اور امدادی ٹیمیں اب بھی متاثرہ عمارت کے اندر سے شواہد اکٹھا کرنے میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات میں 3 سے 4 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہانگ کانگ کی رہائشی عمارتوں میں لگنے والی یہ آگ گزشتہ 70 برسوں کی تاریخ کی بدترین آتشزدگی قرار دی گئی ہے.

Related posts

یورپ شدید گرمی کی لپیٹ میں، اسپین میں 212 ہلاکتیں، فرانس میں 80 سالہ درجہ حرارت کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

ایران نے امریکی دھمکیوں کے بعد مذاکرات ختم کر دیے، باقر قالیباف نے اندرونی تفصیلات بیان کر دیں

کیئر اسٹارمر کا پارٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان، نئے قائد کے انتخاب تک عہدے پر برقرار رہیں گے