جان سینا کا لیجنڈری کیرئیر اختتام پذیر، آخری میچ میں گنٹھر سے شکست

واشنگٹن: ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ریسلر جان سینا نے اپنے لیجنڈری کیرئیر کا اختتام آخری میچ میں شکست کے ساتھ کیا۔ ڈبلیو ڈبلیو ای Saturday Night’s Main Event میں واشنگٹن میں ریسلر جان سینا آخری بار رنگ میں بطور ریسلر اترے، جہاں انہیں گنٹھر نے سلیپر ہولڈ کے ذریعے شکست دی۔

میچ کے دوران جان سینا کئی بار گنٹھر کے مخصوص داؤ سے نکلنے میں کامیاب ہوئے اور اپنے داؤ AA کو بھی استعمال کیا، مگر چھٹی بار سلیپر ہولڈ میں پھنسنے کے بعد انہوں نے شکست تسلیم کر لی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سینا نے میچ کے اختتام پر مسکراتے ہوئے کیمرے کی جانب آنکھ ماری اور پھر شکست قبول کی۔

48 سالہ جان سینا کو ڈبلیو ڈبلیو ای کے 23 سالہ کیرئیر میں اس طرح صرف چار بار شکست ہوئی ہے، آخری بار 2004 میں کرٹ اینگل کے خلاف میچ میں۔ ایونٹ دیکھنے کے لیے موجود مداح میچ کے اختتام پر خوش نہیں نظر آئے مگر انہوں نے جان سینا کو پرجوش انداز میں الوداع کہا، جبکہ سینا نے اپنے جوتے اور رسٹ بینڈز رنگ میں چھوڑ کر علامتی الوداع کیا۔

گنٹھر نے چند ماہ قبل لیجنڈ ریسلر بل گولڈبرگ کو بھی ان کے آخری میچ میں شکست دی تھی۔ اپنے ریٹائرمنٹ ٹور کے دوران جان سینا نے ایک سال میں 36 ڈبلیو ڈبلیو ای شوز میں حصہ لیا اور 15 میچز کھیلے۔

رواں سال جان سینا نے ریسل مینیا 41 میں مین ایونٹ میں کوڈی روڈز کو شکست دے کر 17 ویں بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بننے کا ریکارڈ قائم کیا، جو ڈبلیو ڈبلیو ای میں کسی ریسلر کے لیے پہلی بار ہے۔

مئی 2025 میں ایک انٹرویو میں جان سینا نے بتایا کہ ریٹائر ہونے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ اب ان کا جسم پہلے جیسا مضبوط نہیں رہا اور وہ وہ کام کرنا چاہتے ہیں جو آج بہترین انداز سے کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کا راستہ ہمیشہ ایک جیسا رہتا ہے، جبکہ ان کی صلاحیتیں گھٹ رہی ہیں، اس لیے یہ باب بند کرنے کا وقت ہے۔

جان سینا 2001 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے اور ہر دور کے بہترین ریسلرز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ وہ 2006 میں اداکاری کا کیرئیر فلم دی میرین سے شروع کر چکے ہیں اور متعدد فلموں میں جلوہ گر ہوئے، جن میں فاسٹ اینڈ فیوریس 9، دی سوسائیڈ اسکواڈ اور ٹرین ورک قابل ذکر ہیں۔

وہ میک اے وش فاؤنڈیشن کے ذریعے قریب المرگ بچوں کی خواہشات پوری کرنے میں بھی سرگرم ہیں اور بچوں کی سب سے زیادہ خواہشات پوری کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔

جان سینا کے مداح اور کرکٹ شائقین انہیں ان کے شاندار کیرئیر اور بے مثال خدمات کے لیے ہمیشہ یاد رکھیں گے.

Related posts

ماسکو: روس نے آئی سی سی کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان اور 8 ججز کو قید کی سزا سنا دی

کولکتہ: میسی کے دورے کے دوران بدانتظامی، شو آرگنائزر گرفتار

بگرام ایئربیس پر فوجی سازوسامان کی تیاری کے دعوے بے بنیاد، امریکی جریدے کی رپورٹ