دبئی: دبئی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ سال 2026 کا استقبال شاندار اور رنگا رنگ آتش بازی کے ساتھ کیا جائے گا، جس کے لیے شہر بھر میں 40 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔
دبئی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے سال کی تقریبات کے لیے تیاریاں جاری ہیں، جن کے تحت برج خلیفہ، دبئی فریم، دی ورلڈ آئی لینڈز اور دبئی فیسٹیول سٹی میں شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق برج العرب، پام جمیرا، دبئی کریک، گلوبل ویلیج، السیف، حتہ اور بلیو واٹرز سمیت دیگر مقامات پر بھی آتش بازی کے مظاہرے ہوں گے، جہاں شہریوں اور سیاحوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے دیگر شہروں میں بھی نئے سال کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق ابوظبی، شارجہ اور راس الخیمہ میں بھی 10 سے زائد مقامات پر آتش بازی کی جائے گی۔
دبئی حکومت کا کہنا ہے کہ تقریبات کے دوران سکیورٹی، ٹریفک اور عوامی سہولتوں کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ شہری اور سیاح نئے سال کا پُرامن اور خوشگوار انداز میں استقبال کر سکیں۔