کشیدہ پاک بھارت تعلقات کے باوجود بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ملاقات

اسلام آباد/ڈھاکا: پاکستان اور بھارت کے درمیان شدید کشیدگی کے باوجود بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان ملاقات اور مصافحہ ایک غیر متوقع پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات ڈھاکا میں ہوئی جہاں دونوں رہنما بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کے لیے موجود تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے پاس آئے، جہاں دونوں کے درمیان مختصر مگر خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ ملاقات مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر پہلا براہِ راست رابطہ ہے، جسے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔

یاد رہے کہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہیں اور سیاسی و سفارتی سطح پر تمام رسمی روابط معطل ہیں۔ جنگ کے بعد بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے بھی منع کر دیا تھا، تاہم دیگر کھیلوں میں دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کے درمیان روایتی مصافحہ برقرار رہا۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے گزشتہ برس پاکستان میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس میں شرکت کی تھی، جس دوران ان کی پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔

سیاسی حلقوں میں ڈھاکا میں ہونے والی حالیہ ملاقات کو خطے میں سفارتی برف پگھلنے کی ایک علامت کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے دونوں جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

Related posts

بھارتی عدالت کا متنازع فیصلہ، حریت رہنما آسیہ اندرابی سیاسی مقدمے میں مجرم قرار

ایران پر ممکنہ امریکی حملہ: نیتن یاہو کی ٹرمپ سے تاخیر کی درخواست، خلیجی ممالک کی سفارتکاری بھی سرگرم

کشیدگی کے دوران ایران نے فضائی حدود عارضی بندش کے بعد دوبارہ کھول دی، فضائی آپریشن بحال