کابل/ننگرہار: افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں طالبان نے کارروائی کے دوران درجنوں موسیقی کے آلات جمع کرکے نذرِ آتش کر دیے، جبکہ شمال مشرقی صوبے تخار میں ایک نجی تقریب میں موسیقی بجانے کے الزام میں کم از کم 25 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ننگرہار کے گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی وزارت سے وابستہ اہلکاروں نے جلال آباد شہر میں کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 86 موسیقی کے آلات ضبط کیے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضبط شدہ آلات کو ایک مشترکہ کمیٹی کی موجودگی میں نذرِ آتش کیا گیا۔
گورنر آفس کے مطابق یہ اقدام ان سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے جنہیں طالبان انتظامیہ غیر اخلاقی قرار دیتی ہے، اور ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
دوسری جانب افغان طالبان نے ملک کے شمال مشرقی صوبے تخار میں ایک نجی تقریب میں موسیقی بجانے کے الزام میں کم از کم 25 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ حکام کے مطابق زیرِ حراست افراد سے تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کہ اگست 2021 میں اقتدار میں واپسی کے بعد طالبان نے افغانستان میں موسیقی پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ ان پابندیوں کے تحت عوامی تقریبات، شادیوں، ریڈیو اور ٹیلی ویژن نشریات سمیت متعدد عوامی مقامات پر موسیقی کی اجازت نہیں دی جاتی۔