سوئٹزرلینڈ کے ایک مشہور اسکی ریزورٹ ٹاؤن میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر ایک بار میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 47 افراد ہلاک جبکہ 115 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ سالِ نو کی تقریب کے دوران لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سوئس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ فرانسیسی وزارتِ خارجہ کے مطابق اس حادثے میں فرانس کے 8 شہری تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ ویٹر کی مبینہ غلطی کے باعث لگی، جبکہ بار میں لکڑی کا فرش ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوئس صدر نے دارالحکومت برن میں 5 روز تک قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ادھر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی آتشزدگی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں سوئس حکومت اور سوئٹزرلینڈ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔