رافیل اتنے اچھے نہیں، پاکستان نے ہمارے 5 طیارے مار گرائے: اہم بی جے پی رہنما نے اعتراف کرلیا

بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اہم رہنما سبرامنین سوامی نے پاکستان کے ہاتھوں 5 بھارتی طیارے مار گرانے کی تصدیق کردی۔

پاکستان نے7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر جارحیت کے ردعمل میں بھارت کے 6 طیارے مار گرائے تھے جن میں 3 رافیل بھی شامل تھے۔

عالمی میڈیا پاک فضائیہ کے ہاتھوں رافیل جیسے جدید طیاروں کی تباہی کو بھارت کیلئے ذلت آمیز شکست قرار دے چکا ہے۔

9 مئی کو ایک بریفنگ میں رافیل طیارے کے نقصان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں بھارتی فضائیہ کے ائیر مارشل اے کے بھارتی نے کہا تھا کہ نقصانات لڑائی کا حصہ ہوتے ہیں اور میں اس سے زیادہ تفصیل نہيں بتاسکتا، اس سے فریق مخالف کو فائدہ ہوتا ہے۔

تاہم اب بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اہم رہنما سبرامنین سوامی نے پاکستان کے ہاتھوں 5 بھارتی طیارے مار گرانے کی تصدیق کردی۔

اپنے ایک انٹرویو میں سبرامنین سوامی نے کہا کہ پاکستان نے ہمارے 5 طیارے مار گرائے ہیں، طیارے تو چین کے ہی تھے  چین نے نہیں گرائے جو جہاز پاکستان کو دیے وہ بہت اچھے ہیں، فرانس کے جہاز اتنے اچھے نہیں تھے اور پاکستان کے جہازوں نے 5 بھارتی طیارے گرائے۔

انہوں نے کہا کہ رافیل تو ہمارے لیے اچھے نہیں ہیں، اس کو خریداری میں جو جو ہوا، نریندر مودی کے ہوتے ہوئے ہم اس معاملے کی تحقیقات نہیں کرسکتے۔

Related posts

تہران میں مبینہ روسی Mi-28 جنگی ہیلی کاپٹر کی پرواز؟ امریکی ڈیفنس ویب سائٹ کا دعویٰ، شواہد تاحال غیر مصدقہ

ایپسٹین فائلز: پاکستان براہِ راست نمایاں نہیں، عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے نام سامنے آگئے

کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے، پاک بھارت میچ کا بائیکاٹ ویک اپ کال ہے: ششی تھرور