دبئی میں دنیا کے سب سے بلند میٹرو اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، کتنی لاگت آئیگی؟

دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں دنیا کے سب سے بلند میٹرو اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔

دبئی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اسٹیشن زمین سے 74 میٹر بلند ہوگا اور اس کی تعمیر 2029 میں مکمل ہوگی۔

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اس بلند میٹرو اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ میٹرو اسٹیشن دبئی میٹرو کے تیسرے ٹریک بلیو لائن کا حصہ ہوگا، جس کا آغاز دبئی میٹرو کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر 9 ستمبر 2029 کو کیا جائے گا۔

بلیو لائن کا ٹریک 130 کلومیٹر طویل ہوگا اور یہ دبئی کے 9 اہم علاقوں کو جوڑے گا، حکام کے مطابق ، بلیو لائن کے 14 اسٹیشنز ہوں گے، جن میں سے 5 زیر زمین ہوں گے۔

دبئی کی بلیو لائن کے اہم انٹرچینج اسٹیشنز جداف، راشدیہ اور انٹرنیشنل سٹی ہوں گے، جب کہ یہ دبئی کے علاقوں مردف، ورقا، انٹرنیشنل سٹی، سیلیکون اویسس، انٹرنیشنل اکیڈمک سٹی، فیسٹیول سٹی، دبئی کریک ہاربر، اور راس الخور انڈسٹریل ایریا کو آپس میں منسلک کردے گی۔

دبئی کریک کو عبور کرنے کے لیے بلیو لائن کا 1.3 کلومیٹر طویل پل ( ٹریک ) بھی تعمیر کیا جائے گا ، جو دبئی کریک کے اوپر بنایا جانے والا پہلا میٹرو ٹریک ہوگا۔

دبئی کے بلیو لائن میگا پراجیکٹ کی مجموعی لاگت 56 ارب درہم یعنی 43 کھرب روپے سے زائد ہوگی۔

دبئی میٹرو پہلے ہی ریڈ اور گرین لائن کے ذریعے لاکھوں مسافروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے جبکہ حکام نے عزم کیا ہے کہ بلیو لائن کے اسٹیشن مزید جدید ہوں گے۔

Related posts

آبنائے ہرمز میں جہاز رانی بحال کرنے کا مطالبہ، فرانسیسی صدر میکرون کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ

آبنائے ہرمز کے معاملے پر صدر ٹرمپ کی نیٹو کو سخت وارننگ، اتحادیوں سے بحری مدد کا مطالبہ

اماراتی صدر محمد بن زاید اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں کشیدگی فوری ختم کرنے پر زور