ایران کے جوابی حملوں میں 4 اسرائیلی ہلاک، درجنوں زخمی اور کئی مکانات مکمل تباہ

ایران کا اسرائیل کے خلاف آپریشن  وعدہ صادق سوم جاری ہے اورایرانی حملوں کے نیتجے میں 4 اسرائیلی ہلاک ہوگئے۔

گزشتہ روز اسرائیل نے ایران کے مختلف شہروں پر حملہ کیا تھا۔ ایران نے گزشتہ شب جوابی حملے کیے اور اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں بارش کی، ایران نے  200  سے زائد میزائل داغے جس کے نتیجے میں 4 اسرائیلی ہلاک اور  90  سے  زائد  زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی میڈیا  نے  تل ابیب کے جنوب میں ایرانی میزائل حملے میں 3 اسرائیلیوں کی ہلاکت اور  درجنوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے تل ابیب میں 7 مقامات کونشانہ بنایا، جوابی حملوں کے بعد  تل ابیب، ساحلی شہر  حیفہ  سمیت مختلف شہروں میں سائرن بجتے رہے،  ایران نے 3 ائیربیسز، فوجی ہیڈکوارٹر  اور جوہری تحقیقی مرکز کو  نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔

ایران کی جانب سے کیے جانے والے جوابی کارروائی میں  9 عمارتیں مکمل تباہ  اور  سیکڑوں اپارٹمنٹس کو نقصان پہنچا۔

فوٹو: عرب میڈیا
فوٹو: عرب میڈیا

میزائل حملوں کے بعد خوفزدہ اسرائیلی شہری جان بچانے کیلئے بنکروں کی جانب بھاگتے رہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب کے اعلیٰ کمانڈر  جنرل وحیدی نے کہا ہے کہ ایران نے میزائل حملوں میں صہیونی حکومت کے اہم فضائی اڈوں اور  دفاعی صنعتی مراکز کو نشانہ بنایا ہے، انہوں نے کہا کہ آپریشن وعدہ صادق سوم جب تک ضروری ہوا جاری رہےگا۔ 

یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نےگزشتہ روز  ایران پر شدید حملے کیے جس کے نتیجے میں  9 سائنسدانوں اور  عسکری قیادت سمیت  80 سے  زائد افراد شہید ہوئے جس کے بعد ایران نے  اسرائیل کے خلاف  وعدہ صادق سوم کے نام سے آپریشن کا آغاز کیا۔

Related posts

انتہا پسند اسرائیلی وزرا کا غزہ پر جنگ کی واپسی کے لیے حکومت پر دباؤ

طالبان حکومت کا جبر: پاکستان مخالف پروپیگنڈا سے انکار پر افغان نیوز چینل شمشاد کی نشریات بند

حماس نے امریکی محکمہ خارجہ کے الزامات مسترد کر دیے، جنگ بندی کی خلاف ورزی سے انکار