سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کا کریکس ایریا کا دورہ — جدید ہوورکرافٹس پاک میرینز میں شامل، سمندری دفاع مزید مضبوط

راولپنڈی: سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ سرکریک سے جیوانی تک پاکستان اپنی خودمختاری اور سمندری سرحدوں کا دفاع کرنا جانتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، سربراہ پاک بحریہ نے کریکس ایریا میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آپریشنل تیاریوں اور جنگی استعداد کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے جوانوں کے حوصلے بلند اور عزم مضبوط دیکھے گئے۔

دورے کے دوران پاک میرینز میں جدید ترین 2400 ٹی ڈی ہوورکرافٹس کے تین یونٹس کو باضابطہ طور پر شامل کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ ہوورکرافٹس ایک ساتھ خشکی اور سمندر دونوں پر کارروائی کی منفرد صلاحیت رکھتے ہیں اور پاک میرینز کو تیز، مؤثر اور فیصلہ کن ردعمل کی صلاحیت فراہم کریں گے۔

بیان کے مطابق، ہوورکرافٹس کی شمولیت پاک بحریہ کی آپریشنل استعداد میں ایک اہم اضافہ ہے، جو ساحلی دفاع اور سمندری نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنائے گی۔

اس موقع پر ایڈمرل نوید اشرف نے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا:

“ان نئے پلیٹ فارمز کی شمولیت پاک بحریہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے وژن کی تجدید ہے۔ یہ ہمارے عزم کا اظہار ہے کہ ہم ملک کے سمندری اور ساحلی دفاع کو ہر حال میں یقینی بنائیں گے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ:

“پاک بحریہ بحرِ ہند میں امن و استحکام کی ضامن اور علاقائی سمندری سلامتی کی ایک اہم شراکت دار ہے۔ ہم اپنی خودمختاری اور سمندری حدود کے ایک ایک انچ کے دفاع کا بھرپور جذبہ رکھتے ہیں۔”

ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتیں ساحل سے سمندر تک مضبوط، جدید اور ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

Related posts

سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، 4 خودکش بمباروں سمیت 25 دہشتگرد ہلاک

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات

ٹانک میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک — آئی ایس پی آر