بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، تین روز میں 177 دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز کے دوران بڑی کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے گزشتہ تین روز میں 177 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئیں، جن کا مقصد دہشتگرد نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پولیس نے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت مختلف علاقوں میں سرچ، کلیئرنس اور تعاقبی آپریشنز تیز کر دیے ہیں، جس کے باعث دہشتگردوں کا گھیرا مزید تنگ ہو گیا ہے۔ گزشتہ رات ہونے والے تعاقبی آپریشنز میں مزید 22 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ کئی دیگر کے زخمی ہونے اور فرار ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

سکیورٹی حکام کے مطابق صوبے میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگرد عناصر کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن بدستور جاری ہے، جس کا مقصد حساس علاقوں کو مکمل طور پر محفوظ بنانا اور دہشتگردی کے ممکنہ خطرات کا سدباب کرنا ہے۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے، اسلحہ اور مواصلاتی نیٹ ورکس کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے اور مزید ہلاکتوں و گرفتاریوں کی اطلاعات زیرِ تصدیق ہیں۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

حکام کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔

Related posts

مردان کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دو افسران شہید

عیدالاضحیٰ پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ژوب میں اگلے مورچوں کا دورہ، جوانوں کے ساتھ عید منائی

پراکسیز، منفی پروپیگنڈے اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کی ترقی اور استحکام سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی,عاصم منیر