قلات میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگرد ہلاک، بھاگ میں بھی دہشتگردوں کا حملہ ناکام

قلات/بھاگ: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ضلع قلات میں انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ ضلع کچھی کے شہر بھاگ میں دہشتگردوں کی جانب سے پولیس اسٹیشن، بینک اور اسسٹنٹ کمشنر آفس پر حملہ بھی ناکام بنا دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قلات میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی پناہ گاہ کی نشاندہی، مسلسل نگرانی اور بروقت کارروائی کے ذریعے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانے سے برآمد ہونے والے اسلحے، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز کو بھی موقع پر ہی تباہ کردیا گیا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز کی دہشتگردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
بھاگ میں تقریباً 40 دہشتگردوں کا حملہ، پولیس کی مزاحمت سے دہشتگرد پسپا
دوسری جانب بلوچستان کے شہر بھاگ میں دہشتگردوں کی جانب سے بڑے حملے کی کوشش کو سکیورٹی اداروں نے ناکام بنا دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند کے مطابق تقریباً 40 دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں، راکٹ لانچرز اور دستی بموں سے بھاگ شہر میں مختلف سرکاری و اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں نے پولیس اسٹیشن بھاگ، بینک اور اسسٹنٹ کمشنر آفس پر حملہ کیا، تاہم پولیس اہلکاروں نے جوانمردی سے مزاحمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا۔
شاہد رند کے مطابق دہشتگرد پولیس اسٹیشن پر قبضہ کرنے اور وہاں موجود اسلحہ چھیننے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے۔ دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار اور 3 شہری زخمی ہوئے۔
معاون وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ حملے کے دوران دہشتگرد بینک سے کوئی نقدی لوٹنے میں بھی کامیاب نہیں ہوئے۔ بم ڈسپوزل یونٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بینک میں دہشتگردوں کی جانب سے نصب کی گئی آئی ای ڈی بھی ناکارہ بنا دی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث دہشتگردوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
بلوچستان میں ایک ہی روز دہشتگردوں کے خلاف قلات میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی اور بھاگ میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنائے جانے کے واقعات سے ایک بار پھر یہ واضح ہوا ہے کہ صوبے میں سکیورٹی ادارے دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ حکام کے مطابق امن و امان کے قیام اور دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Related posts

پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام، 15 خارجی ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

نوجوان سوشل میڈیا پروپیگنڈے کا مقابلہ حقائق اور مثبت کردار سے کریں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن