قاہرہ: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے قاہرہ میں ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات قاہرہ کے اتحادیہ صدارتی محل میں ہوئی۔ اس موقع پر پاک–مصر طویل المدتی دوستی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مصری قیادت کے کردار کو سراہا، جبکہ صدر عبدالفتاح السیسی نے عالمی اور امت مسلمہ کے اہم معاملات میں پاکستان کے مثبت اور فعال کردار کی تعریف کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک مفادات پر مبنی قریبی رابطوں اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
مزید یہ کہ سماجی و معاشی تعاون، ٹیکنالوجی اور سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ اشتراکِ عمل بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔