اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 خودکش بمباروں سمیت 25 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فورسز نے کُرم اور شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوششوں کے دوران بروقت اور مؤثر کارروائیاں کیں۔
شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں آپریشن کے دوران 15 دہشتگرد مارے گئے جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے، جبکہ کُرم کے علاقے گھاکئی میں کارروائی میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان کے مطابق، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، جدید ہتھیار اور دیگر سامان برآمد ہوا، اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 5 بہادر جوان شہید ہوئے۔
شہدا میں غذر کے حوالدار منظور حسین، ضلع پونچھ کے سپاہی نعمان الیاس کیانی، قصور کے سپاہی محمد عدیل، وہاڑی کے سپاہی شاہ جہاں اور پاکپتن کے سپاہی علی اصغر شامل ہیں۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان شہدا کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد پر دراندازی ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب استنبول میں پاک افغان مذاکرات جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ موثر سرحدی کنٹرول کو یقینی بنائے اور ڈی او اے معاہدے کے تحت دہشتگرد کارروائیاں ختم کرائے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع اور مضبوط سرحدی سیکیورٹی کے لیے پُرعزم ہے اور کسی بھی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا.