پاکستان اپنی سرزمین پر افغان سرزمین سے دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

پشاور: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا، پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک خصوصاً افغانستان کے ساتھ امن کا خواہاں ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاک افغان سرحد پر جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل نے کور ہیڈکوارٹر پشاور میں آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا اور قبائلی عمائدین کے جرگے سے بھی ملاقات کی۔

قبائلی عوام کی قربانیاں اور تعاون قابلِ فخر ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

جرگے سے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قبائلی عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور حالیہ پاک افغان کشیدگی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ان کے تعاون پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بہادر عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں اور قوم کو امن و استحکام دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

افغان سرزمین سے دہشت گردی ناقابلِ قبول ہے

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برسوں میں افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے متعدد سفارتی اور معاشی اقدامات کیے، تاہم افغان طالبان حکومت نے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں سہولت فراہم کی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان، بالخصوص خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔

قبائلی عمائدین کا فوج کے ساتھ تعاون کے عزم کا اعادہ

آئی ایس پی آر کے مطابق قبائلی عمائدین نے فیلڈ مارشل کے واضح مؤقف کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔

عمائدین نے دہشت گردی کے خلاف فوج کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور افغان طالبان کے خلاف واضح مؤقف بھی اپنایا۔

Related posts

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن — فتنہ الہندوستان کے 18 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، 4 خودکش بمباروں سمیت 25 دہشتگرد ہلاک

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات