پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں جدید سطح سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا

راولپنڈی: پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سطح آب سے فضاء تک مار کرنے والے جدید ایف ایم-90 (این) ای آر میزائل کا کامیاب تجربہ کر کے اپنی جدید جنگی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ میزائل فائرنگ پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور فضائی دفاعی صلاحیتوں کی تصدیق کے لیے کی گئی۔ بحری جنگی جہاز نے انتہائی تیز رفتار اور اعلیٰ منیوریبل فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے بحریہ کی جدید دفاعی صلاحیتیں اجاگر ہوئیں۔

اس موقع پر کمانڈر پاکستان فلیٹ، ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے فائر پاور کے مظاہرے کا مشاہدہ کیا اور فائرنگ میں شریک افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، تربیت اور عزم کو سراہا۔ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے قومی بحری دفاع کو ہر صورت یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ پاکستان کے سمندری دفاع اور بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیاب فائرنگ خطے میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں پاک بحریہ کی مضبوط دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تیاری کا واضح ثبوت ہے.

Related posts

قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے نمٹنے کے لیے پاک فوج مکمل طور پر تیار ہے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

قلات میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی — بھارتی سرپرستی یافتہ 12 دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشتگرد ہلاک