فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل عطا

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی نمایاں عسکری خدمات، مؤثر قیادت، دفاعی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک ہم آہنگی کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو یہ اعزاز ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں ان کے کلیدی کردار کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔ یہ اعزاز علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات، انسدادِ دہشت گردی اور سلامتی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اسٹریٹجک وژن کو سراہا اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے عزم کی تعریف کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اعزاز دیے جانے پر خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اس اعزاز کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط، پائیدار اور گہرے تعلقات کی علامت قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تعلقات اور مشترکہ مقاصد کے لیے دونوں ممالک کے مضبوط عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔

Related posts

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات، خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

وانا میں خطاب: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دوٹوک مؤقف — “پائیدار امن دہشت گردی کے خاتمے سے مشروط”