اسلام آباد: پاک فضائیہ نے مقامی سطح پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کر لیا ہے، جسے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تیمور ائیر لانچڈ کروز میزائل 600 کلومیٹر تک زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل کم بلندی پر پرواز کرنے کی خصوصیت کا حامل ہے، جو دشمن کے ائیر اور میزائل ڈیفنس سسٹمز کو چکمہ دینے میں مؤثر ثابت ہوتی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تیمور کروز میزائل جدید نیوی گیشن اور گائیڈنس سسٹمز سے لیس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تیمور ویپن سسٹم کی کامیابی سے پاک فضائیہ کی روایتی دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یہ نظام علاقائی سکیورٹی ماحول میں پاکستان کے قابلِ اعتماد دفاع کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ میزائل کا کامیاب تجربہ قومی سلامتی کے اہداف کے حصول کی عکاسی کرتا ہے اور یہ کامیابی قومی عزم، سائنسی مہارت اور تکنیکی خود کفالت کا واضح ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ پاک افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ اس موقع پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت نے بھی پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مقامی سطح پر جدید ہتھیاروں کی تیاری قومی صلاحیت، عزم اور ادارہ جاتی مہارت کی واضح عکاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی قومی دفاع میں خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے جبکہ دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے.