وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی زرعی ترقی کیلئے منصوبہ بندی اور ایگری فنانسنگ پر جائزہ اجلاس

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ درمیانے اور چھوٹے پیمانے کی زرعی سرگرمیوں کیلئے آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کے حوالے سے لائحہ عمل پیش کیا جائے، 12 ایکڑ سے کم زمین والے کسانوں کو جدید زرعی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہئیے۔

ملکی زرعی ترقی کیلئے منصوبہ بندی اور ایگری فنانسنگ پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی زرعی شعبے اور کسانوں کی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن سے مشروط ہے.پاکستان کے زرعی شعبے میں ترقی کیلئے چھوٹے کسانوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے.کسانوں کو جدید زرعی آلات، مصنوعی ذہانت اور معیاری بیج کیلئے آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کیلئے لائحہ عمل پیش کیا جائے. وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ کسانوں کی اجناس کی پراسیسنگ سے برآمدات کے قابل اشیاء کی تیاری کیلئے چھوٹے پیمانے کی صنعتی مشینری تک رسائی کے حوالے سے بھی جامع منصوبہ بندی کی جائے. وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کو جدید زرعی آلات، معیاری بیج کی فراہمی، مصنوعی ذہانت، پانی کے بہتر استعمال، آن فارم سمال انڈسٹری اور دہگر سہولیات کیلئے اصلاحات کے عمل کو تیز کر رہی ہے.زرعی اجناس کی پراسیسنگ سے برآمدات میں اضافے کیلئے کسانوں کو درکار سہولیات و تربیت کیلئے اقدامات کو بھی اصلاحات میں شامل کیا جا رہا ہے.اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، مشیر وزیرِ اعظم محمد علی، وزراء مملکت بلال اظہر کیانی، عبدالرحمن کانجو، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیف کوارڈینیٹر مشرف زیدی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.اجلاس کو زرعی شعبے کی جاری اصلاحات کے ساتھ ساتھ زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی کارکردگی اور کسانوں کو دئیے جانے والے قرضوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی.وزیرِ اعظم نے رواں ماہ کے اختتام تک کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور ایگری فنانسنگ کے شعبے میں عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نظام متعارف کروانے کیلئے جامع منصوبہ بندی تشکیل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔

Related posts

بلوچستان کابینہ کا بڑا فیصلہ: لیویز فورس کو 6 ڈویژنز میں پولیس میں ضم کر دیا گیا

جامعہ قادریہ کے فضلاء اجتماع میں مولانا فضل الرحمن کا خطاب، اسرائیل اور تعلیمی اصلاحات پر زور

ہم چہرے نہیں، نظام بدلنا چاہتے ہیں: حافظ نعیم الرحمان